لندن17ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)برطانوی پولیس نے مغربی لندن کے ایک انڈرگراؤنڈ اسٹیشن پر ہونے والے بم دھماکے میں ملوث ہونے کے شبے میں ایک اور شخص کو حراست میں لیا ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز بھی ایک اٹھارہ سالہ نوجوان کو ڈوور کے علاقے میں دہشت گردی کے شبے میں حراست میں لیا گیا تھا۔ برطانوی پولیس مغربی لندن کے ایک زیر زمین ریلوے اسٹیشن پر بارودی مواد نصب کرنے میں ملوث افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس بم دھماکے کے تناظر میں لندن حکومت نے سارے برطانیہ میں سکیورٹی لیول کو بڑھا دینے کا اعلان کیا ہے۔ جمعہ پندرہ ستمبر کو جنوب مغربی لندن کے پارسنز گرین اسٹیشن پر رکھے گئے بارودی مواد کے پھٹنے سے کم از کم انتیس افراد زخمی ہوئے تھے۔